لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگران حکومت‘ الیکشن کمشن کا کردار ہے: پی ٹی آئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کا ہاتھ ہے۔ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی صدرِ مملکت کے بیانات کو آئین سے متصادم قرار دینے کی مذمو م کوشش کی شدید مذمت کرتی ہے۔ دستور کی معین کردہ مدت گزرنے کے بعد غیرآئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر وزارت پر براجمان شخص کو صدرِ مملکت کو آئین کا درس دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے مسلسل محروم رکھنے میں نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کا شرمناک کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ تحریک انصاف کو سیاسی اجتماعات کی اجازت سے محروم رکھنے اور قائدین و کارکنان کی جبری گمشدگیوں میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والوں کو آئین کا ذکر کرنا زیب نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے اپنے آئینی اختیارات کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے شفاف و منصفانہ انتخاب کا انعقاد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ دستور کا آرٹیکل 41 صدرِ مملکت کو ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کا پابند بناتا ہے۔