• news

محسن نقوی کا بے نظیر اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ، 43 منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

لاہور، راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے+ جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) محسن نقوی نے رات گئے بینظیربھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ بینظیر بھٹو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کیلئے فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک کے استقبالیہ پر موجود لوگوں سے طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ اسلام آباد کے گاﺅں پنڈوریاںکے رہائشی محمد ندیم نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ہسپتالوں کے دورے کرنے کے اقدام کو سراہا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔ ڈیوٹی ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ ایمرجنسی بلاک کے برآمدے میں رکھی الماریوں کو فوری طور پر مناسب جگہ شفٹ کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بی بی ایچ میں ڈیوٹی پر موجود ہولی فیملی ہسپتال کے ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتالوں میں عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہسپتالوں کے دورے کے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کیا۔ اجلاس میں فلاح عامہ کے جاری 43 ترجیحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ سیکرٹریز کو ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے ملتان شجاع آباد فلائی اوور منصوبے پر کام کی رفتار میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور منصوبے پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد اشرف طاہر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ محسن نقوی نے خیبر پی کے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ محسن نقوی نے مرحوم اعظم خان کے اہل خانہ اور گورنر خیبر پی کے غلام علی سے ملاقات کی اور اعظم خان کے انتقال پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن