• news

جعلی ویزے پر کینیڈا سفر کرنیوالے افغان باشندے سمیت 3 ایجنٹوں کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ

راولپنڈی (جنرل رپورٹر)سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ عادل سرور سیال نے جعلی ویزے پر کینیڈا سفر کرنے والے افغانی باشندے اور جعلسازی سے اسے کینیڈا بھجوانے والے 3 ایجنٹوں کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا، مقدمہ کے تفتیشی افسر اور ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل نے گزشتہ روز چاروں ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ افغانی شہریت کے حامل یوسف الوزئی کو کینیڈا روانہ ہونے کی کوشش میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پی آئی اے کی پرواز PK-781 میں سوار ہورہا تھا ابتدائی تحقیقات پر ملزم کے افغانی پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزہ لگایا گیا تھا جس پر ملزم نے مزید تفتیش کے دوران بتایا کہ عثمان خان، محمد عدنان اور محمد یوسف نے اسے کینیڈا بھجوانے کے عوض 56 لاکھ روپے وصول کئے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مذکورہ تینوں ایجنٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ملزمان سے آلات جعل سازی، کینیڈا کے جعلی ویزہ سٹیکرز اور 56 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرنی ہے لہذا ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیا جائے تاہم عدالت نے چاروں ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیتے ہوئے ہدائیت کی ملزمان کو دوبارہ 14 نومبر کو عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن