فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز ، فلسطینی ٹیم کے3 کھلاڑی غزہ سے نکل نہ سکے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائرز کیلئے تیاریاں کرتی فلسطینی ٹیم کے تین کھلاڑی تاحال غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں، جہاں ان کے کئی رشتے دار بھی صہیونی بمباری کے باعث شہید ہو چکے ہیں۔ فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کےلئے فلسطینی ٹیم کی غزہ میں جاری جنگ کے سائے تلے تیاریاں جاری ہیں، ہیڈ کوچ مکرم دابوب اپنی فلسطینی ٹیم کو ورلڈ کپ کے کوالیفائرز کیلئے تیار کرنے پر مشکلات کا شکار ہیں۔انھوں نے کہا کہ غزہ میں پھنسے ہوئے ا±ن کی ٹیم کے کچھ کھلاڑی محفوظ ہیں، میں ٹیم کے تین کھلاڑی ابراہیم ابوئی میر، خالد النبریص اور احمد القید کو اس ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنانا چاہتا ہوں تاہم یہ کھلاڑی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے باعث ابھی غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے فلسطینی ٹیم کا اردن میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے، کیمپ میں دو کھلاڑی غزہ سے آنے ہیں جبکہ مصر سے محمد صالح اور محمود وادی نامی فٹبالر بھی فلسطینی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ غزہ میں تباہی اور اموات کے باعث کھلاڑی نفسیاتی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ فلسطین نے 16 اور 21 نومبر کو بالترتیب لبنان اور آسٹریلیا کےخلاف ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچ کھیلنے ہیں۔ فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر سوسان شلابی نے واضح کیا ہے کہ میچوں کے ہونے پر عوام اور کھلاڑیوں کو کوئی تحفظات نہیں ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ انھیں باقی دنیا سنے اور دیکھے، وہ باقی لوگوں کی طرح معمول کے مطابق زندگی گزارنا چاہتے ہیں، اس لیے لوگ اپنی قومی ٹیم کے بارے میں بہت حساس ہیں۔فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کو 1998 میں فیفا کی رکنیت حاصل ہوئی تھی، جس کے بعد فلسطینی ٹیم نے خطے میں کچھ کامیابیاں بھی حاصل کیں۔ 2026 کا فیفا فٹبال ورلڈ کپ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں کھیلا جائےگا۔