تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد واپس بھجوایا جائے:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران موجود تھے، تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز نے آئی جی پنجاب کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین وطن کے انخلا بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومتی احکامات کے تحت تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری رکھیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی میپنگ، سکینگ، سکریننگ کے مطابق چیکنگ کی جائے، انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری ہرصورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران انخلا کے عمل کے دوران ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوارڈینیشن رکھیں۔