فرح گوگی کا خفیہ غیرملکی پاسپورٹ سامنے آ گیا، منی لانڈرنگ، دولت چھپانے کا انکشاف
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) فرح گوگی کاخفیہ پاسپورٹ منظرعام پرآ گیا۔ پاسپورٹ غیرقانونی دولت چھپانے اور منی لانڈرنگ کےلئے بنا کر دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی کا خفیہ غیر ملکی پاسپورٹ سامنے آگیا، لوٹی ہوئی دولت اور منی لانڈرنگ کو چھپانے کے لیے معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے نے ایک اور تاجر کو خفیہ پاسپورٹ بنانے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دئیے۔ ذرائع کے مطابق دسمبر 2021ءمیں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ملک کے ایک معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کو اپنی فرنٹ پرسن فرح گوگی کے لیے خفیہ انٹرنیشنل پاسپورٹ خریدنے کا ٹاسک دیا ۔ تحقیقاتی ذرائع نے بتایا کہ لوٹی ہوئی دولت اور منی لانڈرنگ کی رقم چھپانے کے لیے فرح گوگی کو ونو آٹو کا پاسپورٹ بنا کر دیا گیا جو 28 مارچ 2020ءکو بشریٰ بی بی کے حوالے کیا گیا۔ 3 اپریل 2022ءکو پی ٹی آئی حکومت کے جانے سے 6 دن قبل فرح گوگی کو پاکستانی پاسپورٹ پر ملک سے فرار کروا کے دبئی بھجوایا گیا۔ دبئی کے بعد باقی تمام سفر ونو آٹو کے پاسپورٹ پر کروائے گئے تاکہ تحقیقاتی ادارے اس نقل و حرکت سے آگاہ نہ رہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اکٹھی کی گئی دولت کو دنیا کے مختلف ممالک میں چھپانے کے لیے اس پاسپورٹ پر فرح گوگی نے بیرون ملک کے دورے کیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے لوٹی رقم فرح گوگی کے خفیہ پاسپورٹ پر مختلف ملکوں میں ٹھکانے لگائی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی فرنٹ پرسن ساڑھے 14 ارب روپے کے ناجائز اثاثوں کی مالک ہیں۔ پی ٹی آئی دور میں فرنٹ پرسن فرح گوگی کی ظاہری اور غیرظاہری دولت میں 4520 ارب روپے اضافہ ہوا۔ معاملے پر مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہاکہ گوگی پنکی لیک اصل میں جھلکیاں ہیں۔ عمران خان اور بنی گالہ کرپشن سکینڈل کی، گوگی اور پنکی تو بیچاری اس قابل نہیں تھیں۔ اس گوگی کو تو کوئی 10 روپے نہ دے، اسے لاکھوں ڈالر کون دیتا رہا؟ اس کے پیچھے جو طاقت تھی وہ عمران خان تھا، وہ طاقت تھی عمران خان کے پیچھے وزارت عظمیٰ کی اور اس وزارت عظمیٰ کی طاقت سے یہ تمام کرپشن اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔