• news

 لاہور چیمبر آف کامرس ،خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یارخان میں ایم او یو پر دستخط

لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے۔ معاہدے پر دستخط لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر کاشف انور اور خواجہ فرید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کیے۔ ایم او یو کے تحت فریقین باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ طور پر سیمینارز ، ورکشاپس اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کریں گے۔ دونوں فریق ایک دوسرے سے ریسرچ پبلیکیشن ، بین الاقوامی قوانین تجارت و حکومتی قوانین سے آگاہی کیلئے تعاون کریں گے۔ خواجہ فرید یونیورسٹی کے طلبہ کو لاہور چیمبر آف کامرس میں رجسٹرڈ کمپنیوں کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ خواجہ فرید یونیورسٹی کے طلبہ کو چیمبر آف کامرس لاہور کی لائبریری تک رسائی ملے گی۔ ایم او یو کے تحت خواجہ فرید یونیورسٹی اور لاہور چیمبر آف کامرس انڈسٹری اکیڈیمیا لنکج کو فروغ دیں گے۔ فریقین جدید ٹیکنالوجی، توانائی، آئی ٹی، سولر انرجی، سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ ،ماحولیاتی تحفظ اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کیلئے مل کر کام کریں گے۔ ایم او یو کے تحت چیمبر آف کامرس سے وابستہ افراد و ان کے اہلخانہ اگر خواجہ فرید یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرلیں گے تو انہیں فیس میں رعائت دی جائے گی۔ اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ انڈسٹری اکیڈیمیا لنکج عصر حاضر کی ضرورت ہے۔ انڈسٹریز اور اعلیٰ تعلیم کے ادارے مل کر معاشرتی ترقی کی رفتار کو تیز تر کرسکتے ہیں۔ یہ جامعات کا کام ہے کہ وہ صنعتوں کو درپیش مسائل کو سمجھیں اور ان کا حل پیش کریں اس سے ملک نہ صرف صنعتی طور پر خود انحصار ہوگا بلکہ طلباءوطالبات بھی عالمی تقاضوں سے آگاہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی نسل نو کو اقوام عالم کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانے اور ان کے مطابق انہیں باصلاحیت بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔

ای پیپر-دی نیشن