• news

غزہ پر مغرب‘ مسلم دنیا کا رویہ‘ اقوام متحدہ کی بے کسی باعث تشویش: انسانی حقوق کمشن

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے غزہ میں تسلسل سے جاری بمباری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔انسانی حقوق کمشن پاکستان نے غزہ کی صورتحال پر اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں شہری آبادی کو ختم کرنے کا ارادہ ناقابل قبول ہے۔ ایچ آرسی پی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ میں 4 ہزار سے زائد بچوں کو شہید کر چکا ہے اور وہ غزہ میں جان بوجھ کر ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ایچ آر سی پی کے مطابق خوراک، پانی، ایندھن، دوائیوں کی سپلائی نا ممکن بنانا اسرائیل کا نسل کشی کا ارادہ ظاہر کرتا ہے۔ مغرب اور مسلم دنیا کا رویہ اور اقوام متحدہ کی بے کسی تشویش کا باعث ہیں۔ انسانی حقوق کمشن پاکستان کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مغرب اور مسلم دنیا کا رویہ آنے والے مہینوں میں دنیا کے منظر نامے کا تعین کرے گا۔ ایچ آر سی پی نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، عالمی برادری دیرپا امن کیلئے حکمت عملی تیار کرے ،خطے میں انسانی حقوق کے دفاع کیلئے سرگرم افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کیلئے سرگرم افراد اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن