پی ٹی آئی کے علی افضل ساہی پر سفری پابندیاں ختم ‘ نام ای سی ایل سٹاپ لسٹ سے نام خارج
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی پر سفری پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ علی افضل ساہی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار حکومت کے مو¿ثر ترین صوبائی وزیر تھے۔ علی افضل ساہی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور سٹاپ لسٹ سے نکال دیا گیا۔ علی افضل ساہی کا نام 9 مئی کے واقعات کے بعد ان پر فیصل آباد میں درج مقدمات اور ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کے الزام میں اینٹی کرپشن کے رڈار پر آنے اور مقدمات نمبر 769/2023 اور 921/2023 کے اندراج کے بعد محکموں کی درخواست اور محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔ علی افضل سابق سپیکر پنجاب اسمبلی محمد افضل ساہی کے بیٹے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر حسین بھٹی کے داماد ہیں۔