• news

5 برس سلیکٹڈ راج بھگتا اب قبول نہیں، عوام 8 فروری کو ”مہنگائی لیگ“ کو شکست دینگے: بلاول

مٹھی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج پہلے سے کمرے میں بیٹھ کر تیار کرنے اور پی ٹی آئی کی طرح جیت کے خواب دیکھنے والی ’پاکستان مہنگائی لیگ‘ کو عوام 8 فروری کو شکست کی صورت میں جواب دیں گے۔ کچھ قوتیں آج بھی تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں‘ مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ بلاول پیپلز پارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی ہے‘۔ بالخصوص مودی سرکار اور دنیا بھر میں پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دینے کے لیے تھرپار کے جیالے ہی کافی ہیں، ابھی تو انتخابی مہم شروع بھی نہیں کی اور مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنا دیا۔ عوام 8 فروری کو بھی اسی جذبے سے نکلیں تو عوام اور پیپلز پارٹی کی جیت ہو گی۔ شہید بی بی نے 90 کی دہائی میں تھرکول کا خواب دیکھا تھا ہم نے اپنی حکومت میں تھرکول پر کام کیا۔ تھرپارکر کی معیشت بدلی تھرپارکر میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر فخر ہے۔ میری مخالفت غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔ میرا خاندان تین نسلوں سے غربت کے خاتمے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ کوئی ہمارا سیاسی مخالف نہیں ہے۔ مودی سرکاری اقلیتوں کی نمائندگی نہیں کرتی، اقتدار میں آکر بے نظیر کارڈ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے۔ تھرپارکر میں ہم نے خواتین کو روزگار دلوایا، فروری میں پاکستان کے عوام کافی جماعتوں کو سرپرائز دیں گے، عوام کسی سازش اور کسی سلیکٹڈ راج کو قبول نہیں کریں گے جو کمرے میں بیٹھ کر اپنے لئے نتائج بنوا رہے ہیں۔ ان کو جواب عوام دیں گے۔ پی ٹی آئی کی طرح جیت کے خواب دیکھنے والی پاکستان مہنگائی لیگ کو عوام 8 فروری کو شکست کی صورت میں جواب دینگے۔عوام نے 5 برس سلیکٹڈ راج بھگتا اب کوئی سلیکٹڈ قبول نہیں۔ عوام تحریک انتشار کو بھی رد کر دینگے۔ زرداری کی محنت سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی جیالا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن