نوازشریف، فضل الرحمن میں ٹیلی فونک رابطہ، باہمی اتفاق سے مسائل حل کرنے کا عزم
لاہور (خصوصی نامہ نگار + این این آئی) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے۔ میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنماو¿ں میں موجودہ ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ مولانا اور میاں نواز شریف نے باہمی اتفاق سے ملکی مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ میاں نواز شریف نے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جو جلد ہوگی۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف آج بروز منگل دو روزہ دورے پر کوئٹہ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق لیگی قائد نواز شریف سے جام کمال، سلیم کھوسہ، عبدالرحمن کھیتران اور بلوچستان کی دیگر نامور شخصیات ملاقات کریں گی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے بلوچستان کی کئی قد آور سیاسی شخصیات نواز شریف سے ملاقات کے لئے کوششیں کر رہی ہیں، ملاقات کے بعد مذکورہ شخصیات مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ حال ہی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے والی کئی اہم شخصیات پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کریں گی۔ اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز بھی نواز شریف کی ہمراہ بلوچستان جائیں گے۔ بلوچستان کی قومیت پرست جماعتوں کے قائدین بھی نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا سیاسی اتحاد تشکیل پانے کا بھی امکان ہے۔