محسن نقوی کی ہدایت پر کاروبار میں آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن سسٹم کا ماسٹر پلان تیار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کاروبار میں آسانی، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بڑا اقدام۔کاروبار میں آسانی، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کا ماسٹر پلان تیارکر لیا گیا ہے۔ کاروبار کی آسانی کے لئے تمام محکموں کے این او سیز ایک ہی چھت تلے جاری ہونگے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کا ماسٹر پلان پیش کیا گیا۔ آئندہ ماہ ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ کاروباری افراد کی آسانی کے لئے الفلاح بلڈنگ میں ون ونڈو سسٹم بنایا جائے گا۔ بزنس کمیونٹی ساری معلومات آن لائن پورٹل سے حاصل کر سکے گی۔ تمام محکموں کے فوکل پرسن مقرر کیے جائیں گے۔ سٹیئرنگ کمیٹی اور آپریشنل کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن کے سسٹم سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کے آفس میں بیٹھنے کی گنجائش کو بڑھایا جائے۔ ایس او پیز ہونگے تو ہی ون ونڈو آپریشن کا سسٹم کامیاب ہو گا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی زیر صدات ہیلتھ ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس میں سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی سہولتوں میں بہتری کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وینٹی لیٹر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹرکی ٹریکنگ کی جائے گی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے خصوصی ایپ کے ذریعے زیر استعمال اور خالی وینٹی لیٹر کی نشاندہی ممکن ہوگی تاکہ کسی ہسپتال میں رش کی صورت میں مریض کے لئے خالی وینٹی لیٹر مہیا کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں ڈی ایچ کیوہسپتال قصورکو جنرل ہسپتال لاہور کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سٹروک مینجمنٹ مہم کے تحت 1122 ریسکیورز کی کیپسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی۔ محسن نقوی کی زیرصدارت کاربن کریڈٹس کے حصول کیلئے تجاویز سے متعلق خصوصی اجلاس میں شجرکاری کے فروغ اور قیمتی زرمبادلہ کیلئے کاربن کریڈٹس کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔ کاربن کریڈٹس کے حصول کے لئے اچھی ساکھ کی حامل کنسلٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔