پنجاب کی 5ترقیاتی سکیموں کےلئے 7ارب 7کروڑ سے زائد فنڈز کی منظوری
لاہو ر (کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2023-24کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے چھبیسویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5ترقیاتی سکیموں کےلئے مجموعی طور پر 7ارب 7کروڑ 34لاکھ 70ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع ساہیوال میں رائل ہوٹل (N-5) تا سرور چوک براستہ اڈا مائی والی مسجد بائی پاس کی تعمیر، ضلع راولپنڈی تحصیل گوجر خان میں سوہاوا چکوال روڈ تا کھول حمید بشمول لنک موہرہ کلیال تا موہرہ جریاں روڈ کی تعمیر و مرمت، تحصیل گجر خان میں گجر خان تا پیر پھلال روڈ بشمول لنک موہرہ شیخاں تا ویلیج کونٹریلا روڈ کی تعمیر و مرمت، فیصل آباد میں سپورٹس کمپلیکس کا قیام اور ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ کی ڈویلپمنٹ و بحالی شامل ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ مظفر خان سیال سمیت چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی، محکمہ جاتی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔