بنگلہ دیش: پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک اور گارمنٹس ورکر جاں بحق
ڈھاکہ(این این آئی)بنگلہ دیش میں گارمنٹس کے شعبے سے وابستہ سیکڑوں ورکز نے ریلی نکالی اور دی جانے والی تنخواہ کو بہت کم قراردیتے ہوئے منصفانہ اجرت کا مطالبہ کیا جب کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران مرنے والے شہریوں کی تعداد چار ہو گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں دارالحکومت ڈھاکا کے شمال میں واقع شہر غازی پور میں افسران کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والا گارمنٹ ورکر 42 سالہ جلال الدین دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس حکام کے مطابق اس کی موت کے ساتھ احتجاج کے دوران جان کی بازی ہارنے ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ایک پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ اس کی موت ڈھاکا میڈیکل کالج ہسپتال میں ہوئی، وہ کئی دن پہلے احتجاج کے دوران زخمی ہوا تھا، جلال الدین کے بہنوئی رضا الکریم نے صحافیوں کو بتایا کہ متوفی کے پیٹ میں شاٹ گن کی گولی لگی تھی، اسے علاج کے لیے ڈھاکہ منتقل کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ڈھاکا کے شمالی شہر میرپور میں کم از کم 9 فیکٹریاں بند کردی گئیں جب کہ 10 ہزار سے زیادہ ورکرز نے کام کرنا چھوڑ دیا۔