اسد قیصر 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے
صوابی(آئی این پی ) سابق سپیکر اسد قیصر کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد خلیل خان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اینٹی کرپشن نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا اور 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ اسد قیصر کو گزشتہ شب اسلام آباد سے صوابی منتقل کیا گیا تھا، ان پر گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے لئے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کرنے کا الزام ہے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو 3 نومبر کو بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس اور اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا تھا۔ دوسری جانب عدالت پیشی کے موقع پر اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھے کی امید رکھتے ہیں باقی جو اللہ کو منظور ہو، میں تحریک انصاف میں ہوں اور رہوں گا۔