• news

 القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن میں تاخیر‘ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد طلب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ پراجیکٹ کی رجسٹریشن میں تاخیر پر توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور القادر ٹرسٹ کیس میں عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نور الامین مینگل اب چیف کمشنر اسلام آباد نہیں رہے، توہین عدالت درخواست میں ترمیم کریں اور دوبارہ دیں۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران القادر ٹرسٹ کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے ایسوسی ایٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے وفاق کی جانب سے متعلقہ حکام کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وکیل نے کہا کہ دو درخواستیں ہیں ایک ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن اور دوسری ٹرسٹ چیریٹی کے حوالے سے ہے۔ توہین عدالت کی درخواست الگ ہے جو عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آج ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتا، مگر آپ چیف کمشنر کا نام درخواست میں تبدیل کریں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن