9 ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام کا فیصلہ، کسانوں کو ایک چھت تلے تمام سہولتیں ملیں گے: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام کے امور کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب میں 9ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے ماڈل زرعی سنٹرز کے قیام سے متعلق حتمی پلان طلب کر لیا۔ ڈویژنل سطح پر ماڈل زرعی سنٹرز میں کاشتکاروں کو تمام سہولتیں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔ ماڈل زرعی سنٹرز میں کسان کو بیج، کھاد، پیسٹی سائیڈ، زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔ پھل و سبزیاں اور دیگر اجناس کی مارکیٹنگ اور سٹوریج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ ڈویژن کے بعد اضلاع میں بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت ماڈل زرعی سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو تمام تر سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی زیر صدارت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ کھڑک سنگھ کی تاریخی حویلی کی بحالی کے پراجیکٹ پر غور کیا گیا۔ سیاحت کے فروغ کے لئے حویلی کے کمروں کو بحال کیا جائے گا اور حویلی میں سیاحوں کی رہائش کے لئے معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ محسن نقوی نے رم مارکیٹ کی منتقلی کے لئے ضروری اقدامات اور لاہور فورٹ کیفے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ لاہور کے تاریخی دروازوں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کی اصل حالت میں بحالی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مال روڈ کی تاریخی اور قدیمی ہیئت بحال کرنے کے لئے پول ہٹائے جائیں گے۔