یاسمین راشد سمیت 26 ملزموں کے خلاف چالان عدالت میں پیش، نواز، شہباز جس حلقے سے الیکشن لڑیں گے، حصہ لوں گی: سابق وزیر
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگری عدالت کے جج ارشد جاوید نے شیر پا¶ پل پر پولیس گاڑیاں جلانے اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کیس میں نامزد ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر ملزمان کو 24 نومبر کو طلب کر لیا۔ پولیس نے 280 صفحات پر مشتمل چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔ پولیس کی جانب سے 45 گواہان کی فہرست پیش کی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے استدعا کی کہ ہم اعجاز چوہدری، میاں محمودالرشید اور عمر سرفراز چیمہ و دیگران نے الیکشن لڑنے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کے لیے جیل سے باہر ہونا لازمی ہے؟۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ضروری نہیں لیکن الیکشن کیمپین تو کرنی ہے، چھ ماہ تین دن سے مجھ سمیت پندرہ عورتیں جیل میں ہیں، ہم عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں ہمیں انصاف دیا جائے۔ عدالت نے کہا آپ کا ایک مقدمہ کا چالان آ گیا ، مجھے نہیں علم کہ آپ پر کتنے مقدمات ہیں، کیس کو کچھ ہفتوں میں نمٹا دیں گے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا میانوالی، قصور، فیصل آباد مختلف اضلاع سے تیرہ مقدمات میں مجھے گرفتار کرنے آ گئے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ یہ انتظامیہ کا کام ہے ہم نے تو قانون کے مطابق کام کرنا ہے۔ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے اعلان کیا کہ جیل سے الیکشن لڑوں گی۔ نواز شریف اور شہباز شریف جس حلقہ سے الیکشن لڑیں گے وہیںکاغذات جمع کرا¶ں گی۔