• news

190 ملین پاونڈ‘ توشہ خانہ کیسز‘ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ وقائع نگار) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے 190 ملین پا¶نڈ اور توشہ خانہ کیسز میں سابق خاتون اول بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت17 نومبر تک ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواست پر اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کو7 روز میں رجسٹرار آفس اعتراضات دور کرنے کا حکم دےدیا۔ گذشتہ روز بشری بی بی کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے حصول اور ضمانت کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس اعتراضات کے ساتھ سماعت کے دوران عدالت نے اعتراضات دور کرنے کا حکم دے دیا اور کہاکہ سات روز میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کریں، درخواست کیساتھ متعلقہ دستاویزات بھی لف کریں۔ ادھر چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی جانب سے شوہر سے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی۔ درخواست میں کہاگیا ہے کہ اپنے شوہر سے تنہائی میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اہلکاروں کی موجودگی میں ملاقات کے باعث خاندان کے معاملات پر بات نہیں ہو پاتی۔
 

ای پیپر-دی نیشن