بابراعظم کپتانی سے دستبردار،شان مسعود ،ٹیسٹ،شاہینآفریدی ٹی ٹونٹی کپتان،محمد حفیظ ٹیم ڈائریکٹرمقرر
لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+خبر نگار)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔بابر اعظم نے پی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا،کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقتہے۔ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی پرفارمنس جاری رکھوں گا، نئے کپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ کرونگا، ذمہ داری کیلئے اعتماد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ۔ چیئرمین ذکاءاشرف سے بابر اعظم نے ملاقات کی۔ بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ کےلئے نیا کپتان لانے کا بتایا گیا ، صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات میں ذکا اشرف نے کوچز کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث کوچنگ سٹاف کو دورہ آسٹریلیا میں کام کرنے سے روک دیا ۔ ذکا اشرف نے کوچنگ سٹاف کو بولتے ہوئے روک دیا اور کوچنگ سٹاف کی بات مکمل ہونے سے پہلے ا±ٹھ کر مکی آرتھر کے پاس گئے، ذکا اشرف نے انہیں کہا کہ میں نے دوسری میٹنگ میں بھی جانا ہے، آپ سب کو بتا دیں کہ کیا فیصلہ ہے۔ ذکا اشرف نے مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈبرن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو نکال نہیں رہے، کسی دوسری اسائنمنٹ پر کام دیں گے لیکن آپ آسٹریلیا نہیں جا رہے، منیجر سے کہا کہ آپ کی پرفارمنس کو بھی ری ویو کیا جا رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔پی سی بی کی جانب سے دونوں فارمیٹ کے نئے کپتانوں کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق شان مسعود کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ شاہین آفریدی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ون ڈے ٹیم کے کپتان کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام کو چنگ سٹاف کو عہدوں سے ہٹادیا اور سابق کپتان محمد حفیظ کو مکی آرتھر کی جگہ ٹیم ڈائریکٹر مقرر کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ تمام کو چنگ سٹاف کو عہدوں سے ہٹا یا گیا ہے، کسی کوچ کو فارغ نہیں کیا گیا،ان کی ذمہ داریاں بدلی جا رہی ہیں۔ کوچز کا پورٹ فولیو تبدیل کر دیا گیا ہے، تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کریں گے۔ محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ، دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیلئے کوچنگ سٹاف کا اعلان جلد کیا جائےگا۔