بڈھ بیر، دی آئی خان میں فورسز کا آپریشن 4دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید
اسلام آباد+ پشاور (خبر نگار خصوصی+بیورورپورٹ) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فوجی جوان نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڈھ بیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں کارروائی کے دوران چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔مارے گئے دہشتگردوں میں کمانڈر سمیع اللہ عرف شینائے، دہشت گرد کمانڈر سلمان احمد، دہشت گرد عمران محمد اور دہشت گرد حضرت عمر عرف خالد شامل ہیں۔تمام دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے جن سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ دہشتگرد علاقے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔دوسرا آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد اعجاز خان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔