حج 2024: 20سے 25روزہ سرکاری پیکج بھی متعارف
اسلام آباد(خبرنگار) وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2024 کااعلان کر دیا ہے، حج پیکج گزشتہ سال کے مقابلہ میں ایک لاکھ روپے سستاہوگا، حج درخواستیں 27 نومبر سے 12 دسمبر تک وصول کی جائیں گی، پاکستان کاحج کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210 مقرر کیاگیا ہے،سرکاری سپانسر شپ سکیم پہلے آئیے اور پہلے پائیے کے اصول پر ہو گی اور اس میں قرعہ اندازی سےاستثنی ہو گا، لانگ حج پیکج 38سے 42 دن اور شارٹ حج پیکج 20 سے 25 دن کا ہوگا،کسی کو مفت حج نہیں کرایاجائےگا۔ جمعرات کونگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے پریس کانفرنس میں حج پالیسی 2024 کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ لانگ حج پیکج کے تحت ریگولر حج سکیم کےاخراجات جنوبی ریجن (کراچی، کوئٹہ ، سکھر) کےلئے 10لاکھ 65 ہزار روپے ، شمالی ریجن کے لئے 10 لاکھ 75ہزار روپے، لانگ حج پیکج کے تحت سپانسرشپ حج سکیم کے اخراجات جنوبی ریجن کے لئے 3765 ڈالر اور شمالی ریجن کے لئے 3800 ڈالر ہوں گے۔ لانگ حج پیکج مدینہ میں8 دن کے قیام کےساتھ38سے42دن کا ہوگا۔ شارٹ حج پیکج مدینہ میں 3 سے 5 دن کے قیام کے ساتھ 20 سے 25 دن کاہوگا اور شارٹ حج پیکج کے تحت ریگولر حج سکیم کے اخراجات جنوبی ریجن کے لئے 11لاکھ 40 ہزار اور شمالی ریجن کے لئے 11 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ شارٹ حج پیکج کےتحت سپانسر شپ حج سکیم کے اخراجات جنوبی ریجن کے لئے 4015 اور شمالی ریجن کے لئے 4050 ڈالر ہوں گے۔ سرکاری عازمین حج کے لئے مخصوص رنگت اور شناخت والی ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔ دوسرے سفری بیگ یا عبایا وغیرہ قابل قبول نہ ہوں گے، سعودی عرب میں قیام کے دوران استعمال کے لئے 7 جی بی ڈیٹا والی موبائل سم فراہم کی جائےگی۔ حجاج کی تربیت، ٹریکنگ اور رہنمائی کے لئے لازمی موبائل اپیپلی کیشن جو آن لائن اور آف لائن یکساں مفید ہو گی۔ کراچی ایئرپورٹ سے جانے والے عازمین حج روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیاجائےگا جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے جانے والوں کے لئے بھی اس پروجیکٹ میں شمولیت متوقع ہے، مختصر قیام کے اخراجات بھی کم رکھے گئے ہیں۔ کوٹہ کی تقسیم کا تناسب 50 فیصد ہے اور ہر ایک سکیم کے لئے 89ہزار 605 سیٹیں مختص کی گئی ہیں ۔ 80 سال سے زائد عمر کے عازمین کے لئے مدد گار کاساتھ ہونا لازم ہے۔ گزشتہ 5 حج اداکرنے والے خواتین و حضرات اس سال درخواست دینے کے اہل نہیں ہوگے تاہم پہلی بار حج پر روانہ ہونے والی خاتون کے محرم کو استثنی ہو گا۔ سپانسر شپ والے عازمین 5 سالہ پابندی سے مستثنی ہوں گے۔ ہارڈ شپ کوٹہ 500 جبکہ لیبر کوٹہ300مختص کیاگیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق خواتین بغیر محرم حج درخواست دے سکتی ہیں بشرط کہ خواتین حلف نامہ جمع کرائیں انہیں والدین یاشوہر کی طرف سے سفرحج کی اجازت ہے اور وہ اپنی قابل اعتماد خواتین کے گروپ کے ساتھ حج درخواست جمع کروا رہی ہیں سفر حج کی روانگی کے مقامات کے لحاظ سے 448 نشستیں (سرکاری کوٹہ کا5 فیصد) ویٹنگ لسٹ پر ہوگا۔ کسی کو مفت حج نہیں کرایاجائےگا۔ حجاج کو جامع تربیت اور آگاہی مہیاکی جائےگی ۔ سعودی تعلیمات کے مطابق میڈیکل مشن، معاونین حج، مذہبی امور، لوکل معاونین پر مشتمل ویلفیئر عملہ تعینات کیاجائےگا۔ شکایات کا فوری ازالہ کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی ۔ تکافل کی بنیاد پر حجاج محافظ سکیم جاری رہے گا۔