• news

چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل پر حکم امتناعی میں 20نومبر تک توسیع

اسلام آباد (وقائع نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل پر حکم امتناع میں 20 نومبر تک توسیع کردی ہے۔ دوسری طرف عمران خان نے سائفر کیس کے اخراج کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفرکیس میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل، سپیشل پراسیکیوٹر اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ کہا گیا جیل میں کورٹ دس بائی دس کے کمرے میں لگائی گئی، اٹارنی جنرل نے کہا کہ جیل میں عدالت کیلئے ویسی سہولیات موجود نہیں، کورٹ روم چھوٹا ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کم افراد کی گنجائش کے باعث وہ کلوزٹرائل ہے، سائفر کیس میں جیل ٹرائل اوپن ٹرائل ہے۔ عمران خان کے وکیل نے پیر تک سائفر کیس کے جیل ٹرائل میں حکم امتناع میں توسیع کی استدعا کی۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو نے ایک سو نوے ملین پا¶نڈ سکینڈل میں چیئرمین تحریک انصاف سے جیل میں تفیتیش کا دوسرا روز بھی مکمل کر لیا۔ دوسرے روز نیب تفتیشی ٹیم نے تین گھنٹے تک سابق وزیراعظم سے تفتیش کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے سائفر کیس سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں سائفر کیس کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں زیر سماعت 25 مئی 2022 کے تناظر میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کیخلاف درج مقدمات پر سماعت ملتوی کر دی گئی، اسد عمر کا استثنی منظور، شہریار آفریدی کی بریت اور چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پر نوٹس جاری کردیے گئے۔ تحریک انصاف کے وکلاءبابر اعوان، نعیم پنجھوتھہ، انتظار پنجھوتھہ، شہباز کھوسہ، شاداب جعفری، علی اعجاز بٹر اور سمیر کھوسہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وکلاءسے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کردی۔ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بابر اعوان، نعیم پنجھوتھہ، انتظار پنجھوتھہ، شہباز کھوسہ، شاداب جعفری، علی اعجاز بٹر اور سمیر کھوسہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میری طرف سے فراہم کی گئی فہرست کو جیل حکام نے تبدیل کردیا۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت آئندہ ہفتے دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ سپریم کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔ چیف جسٹس فائز عیسی نے چیئرمین پی ٹی آئی اپیلوں پر بنچ تشکیل دے دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 22 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس یحیٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بنچ میں شامل ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن