• news

نجکاری تیز کی جائے، اپیکس کمیٹی: معاشی بہتری کیلئے حکومت سے مکمل تعاون کرینگے، آرمی چیف

 اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ اداروں و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کونسل کے تحت اقدامات پر بھرپور تعاون و محنت سے عمل کیا جائے تاکہ پاکستان نہ صرف قلیل و وسط مدتی ثمرات سے فائدہ اٹھا سکے بلکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں طویل مدتی اقدامات کی راہ بھی ہموار ہو۔نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا یقین دلایا۔ اعلامیہ کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں کونسل کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس کو مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور متعین شدہ اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی، کمیٹی نے کونسل کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کو انتہائی اطمینان بخش قرار دیا۔ کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک سے روابط میں تیزی، سرکاری و نجی اداروں سے تعاون کے اقدامات ، سرمایہ کار براداری کے ساتھ مو?ثر طریقے سے روابط بڑھانے کی تعریف کی۔اجلاس میں کمیٹی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے پالیسی اقدامات کا جائزہ لیا، جن میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع کی منتقلی، ملک میں کاروباری تنازعات کے حل کے عمل، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی، ایگزم بینک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانا شامل ہیں۔کمیٹی نے ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی، کمیٹی نے خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، کمیٹی نے نجکاری کے اس عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ اداروں و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کونسل کے تحت اقدامات پر بھرپور تعاون و محنت سے عمل کیا جائے تاکہ پاکستان نہ صرف قلیل و وسط مدتی ثمرات سے فائدہ اٹھا سکے بلکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں طویل مدتی اقدامات کی راہ بھی ہموار ہو۔

ای پیپر-دی نیشن