مقبوضہ کشمیر: محاصرے تلاشی کارروائیاں جاری، مزید 3نوجوان گرفتار
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے ضلع پونچھ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی میں3 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوج نے ضلع کے علاقے سرنکوٹ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران نوجوانوں اعزاز احمد شیخ ولد عبدالرشید،معراج احمد ولد مقصود احمد اورگلشن ولد محمد شریف کو گرفتار کیا۔ فوج نے ان کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں مجاہد تنظیم کے کارکن قراردیاہے جبکہ بھارتی حکومت کی طرف کشمیری مسلمانوں کی جائیدادوں کی ضبطی کا مذموم سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعے میں جموںخطے کے ضلع پونچھ میں تین مسلمان شہریوں کی املاک ضبط کی گئیں۔ پولیس نے پونچھ کے علاقے مینڈھر ڈیری ڈبسی کے رہائشی محمود حسین ، ظفر اقبال اور جاوید اقبال کی جائیدادیں ضبط کیں۔ ضلع جموں میں ایک 31 سالہ شخص پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔ضلع کے علاقے سروال میں کچھ راہگیروں نے راہول شرما نامی شخص کی لاش سڑک پر پڑی دیکھی جس کی اطلاع انہوں نے پولیس کی دی۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ہے ،جموں و کشمیر میں جموں خطے کے ضلع ادھمپور میں ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی۔بھارتی فوج کی 31راشٹریہ رائلفز کے 38 سالہ نائیک ہریش چندر سنگھ نے اپنے کیمپ میں سروس رائفل سے گولی مار کر خود کشی کی۔ ضلع ڈوڈہ میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں آٹھ رہائشی مکان خاکستر ہو گئے۔