• news

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں منشیات کے استعمال اورنقصانات سے آگاہی پرسیمینار

لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا ہے پی ایچ ای سی تعلیمی اداروں میں منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال پر سزائیں بڑھا نے کی سفارش کرتی ہے۔ پی ایچ ای سی اس حوالے سے زیر وٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔اس امر کا اظہار انہو ں نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں منشیات کے استعمال اور اس کے نقصانات سے آگاہی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر تنویرقاسم کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو ہر قیمت پر منشیات کے زہر سے بچائیں گے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی قطعی طور پر ناقابل برداشت ہے۔ ڈاکٹر صفیہ سلطانہ نے کہا کہ نشہ خاموش قاتل ہے جو ہر لمحہ نشے کے مریض کو موت کے منہ میں دھکیلتا ہے۔ انسداد منشیات مہم کے کوارڈینیٹر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ تشویشناک ہے۔ہر سال مزید 5 فیصد لوگ منشیات کے عادی بنتے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات استعمال کی روک تھام کیلئے بنائے گئے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرے۔ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر خالد منظور بٹ صدر مجلس نے شریک مہمانان کا شکریہ ادا کیااور ان میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔

ای پیپر-دی نیشن