مہنگائی، غربت سے نجات دلانا فرض، نواز شریف: الیکشن جیتیں گے : شہباز شریف
گوجرانوالہ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے لوگوں کو غربت‘ مہنگائی سے نجات دلانا ہمارا فرض ہے۔ سابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا الیکشن جیتیں گے۔ قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ماضی کی طرح پھر گوجرانوالہ مین کلین سویپ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیدوار پی پی 64 عمر فاروق ڈار سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن و سابق چئیرمین یونین کونسل عامر اکرام بٹ، اور شاذب ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں گوجرانوالہ کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ اگر اللہ نے موقع دیا تو پھر گوجرانوالہ میں مزید ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ نواز شریف نے عمر فاروق ڈار سے گوجرانوالہ کی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی مشاورت کی۔ میاں محمد نواز شریف نے عمر فاروق ڈار سے احسن ڈار کے حوالے سے خصوصی پوچھا کہ وہ کب پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ میاں محمد نواز شریف نے وہاں بیٹھے ہوئے حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ یہ میرے مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور یہ باوفا ساتھی ہیں۔ ان کی وفا ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی اور میں بھی بھولنے والا نہیں۔ میاں محمد نواز شریف نے عمر فاروق ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کے شیروں کو کہیں کہ جلد گوجرانوالہ آ¶ں گا۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ سابق ارکان قومی اسمبلی چودھری نور الحسن تنویر، ریاض الحق جج اور ملتان سے پارٹی ٹکٹ ہولڈر مہدی حسن لنگاہ کی پارٹی صدر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر بات ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہو گی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے۔ عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، جس طرح دہشت گردی اور بد امنی ختم کی تھی۔ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوگا۔ پارٹی کارکنان اور رہنما روایتی جذبے اور عزم کے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں، اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابی آپ کی ہو گی۔