ایم کیو ایم سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے،متحدہ بالکل فارغ ہوچکی: سعید غنی
کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کونیا لاڈلہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیو ایم سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے، ایم کیو ایم بالکل فارغ ہوچکی، وہ سہارے تلاش کررہے ہیں،وفاق میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی اور ان شا اللہ بلاول بھٹو اگلے وزیرِ اعظم ہوں گے۔سٹی کورٹ میں پیپلزلائرزفورم کے ممبرسازی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کس نے نوازشریف کو پہلے سے وزیراعظم بنا دیا تو بتائیں کہ وہ کون سی طاقت ہے، نوازشریف نئے لاڈلے ہیں۔ذہن بنایا جارہا ہے کہ اگلے وزیراعظم میاں صاحب ہوں گے، یہ شرمناک اور بہت افسوس کی بات ہے،ووٹ کوعزت دوکا نعرہ لگانے والے اپنی راہ سے گمراہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈپی ٹی آئی سمیت سب کیلئے ہونا چاہئے، ملک کے بہتر مستقبل کیلئے شفاف انتخابات چاہئیں، سینیٹ میں باپ پارٹی نے ووٹ دیا، ہم سے سوال ہوا، اب کوئی نہیں بول رہا۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں طے کریں کسی کے سائے تلے انتخاب نہیں لڑیں گی، 15سال کی بات کرتے ہیں، یاد رکھیں،2008 سے پہلے شہرکی صورتحال کیا تھی۔انہوں نے کہا کہ میراخیال ہے شہر میں حالات آج نسبتاً بہتر ہیں۔ ایم کیو ایم مسلم لیگ(ن) کے ترلے کر رہی ہے،ایم کیو ایم کی دہشت کے سامنے کوئی بات نہیں کرتا تھا، میڈیا کے دفاتر پر حملے ہوجاتے تھے۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے اور ہمیشہ سیاسی مخالفین کے نشانے پرہوتی ہے، اس شہر میں وہ ہمیں اپنا سب سے بڑا حریف سمجھتے ہیں لیکن ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی ٹکٹ پرکراچی کے تمام حلقوں سے مضبوط امیدار اتریں گے، ایم کیو ایم سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے، ایم کیو ایم بالکل فارغ ہوچکی، وہ سہارے تلاش کررہے ہیں، ہمیں ہرانے کی تمام کوششیں کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم وفاق میں حکومت بنائیں گے، پی پی کے خلاف کوئی بڑا اتحاد نہیں ہے، پہلے بھی یہ اتحاد بنتے رہے ہیں، کچھ حاصل نہیں ہوا سندھ میں ہمارے مخالف بھی کہتے ہیں وزیراعظم بلاول بھٹو ہونگے، پیپلز پارٹی کو بائیکاٹ کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی سندھ میں پہلے سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔سعید غنی نے کہا کہ پی ایس پی کے چہرے ہی ایم کیو ایم میں نظر آتے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی اننگ ختم ہو گئی، ایم کیو ایم کی اننگ تو بہت پہلے ہی ختم ہو گئی تھی۔