• news

سموگ کیخلاف اقدامات نہ کرنیوالے افسروں کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں سرکاری سطح پر سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سموگ کے حوالے سے اقدامات نہ کرنے والے افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ،دوران سماعت سرکاری وکیل نے سموگ کے تدراک کے لیے سفارشات پیش کیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کچھ سفارشات غیر ضروری ہیں، جم تو کرونا کے دوران بند ہوئے تھے ، بھارت میں فصلوں کی باقیات بہت زیادہ جلائی جاتیں ہیں، اگر ہوا انڈیا سے پاکستان کی جانب سے چلے تو تمام اثرات پاکستان میں آئیں گے ،عدالت نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے خلاف بھی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈپٹی کمشنرز سموگ سے متعلق آگاہی واک کرکے کہتے ہیں کہ ہم نے اپنا کردار ادا کردیا، جو افسران سموگ کے حوالے سے اقدامات نہ کریں انکے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ، برطانیہ میں جج آج بھی سائیکلوں پر آتے ہیں، سائیکلنگ کو فروغ دیں، حکومتی سطح پر اقدامات ہوں تو مثبت اثرات آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن