سموگ: سیالکوٹ،لاہور، گجرات سمیت 10اضلاع میں لاک ڈاﺅن، کئی دکانیں سیل، 12افراد گرفتار
سیالکوٹ گجرات کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+ نیٹ نیوز) حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسداد سموگ کےلئے لاہور، سیالکوٹ سمیت 10 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاﺅن، تعلیمی ادارے مکمل بند رہے، کاروباری مراکز میں سہ پہر تین بجے تک کاروبار بند رہا۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کی مختلف علاقوںمیں اچانک چیکنگ، حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر شہر کے معروف پلازہ ، بڑے برانڈز کی آﺅٹ لٹس سمیت متعدد کاروباری مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال کی زیر نگرانی ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں 18نومبر 2023ء کو سمارٹ لاک ڈاﺅن احکامات پر عملدرآمد کےلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے حوالے سے شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا۔ اے سی سیالکوٹ کی زیر قیادت انتظامیہ و پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سمارٹ لاک ڈاﺅن احکامات کی خلاف ورزی پر علامہ اقبال چوک میں واقع بڑے کمرشل پلازہ کو سیل کر دیا ۔ اے سی سمبڑیال احسن ممتاز کی قیادت میں انتظامیہ اور پولیس ٹیم نے 67مقامات پر انسپکشنز کیں ا س دوران سمارٹ لاک ڈاﺅن پر عملدرآمد نہ کرنے پر تین دکانیں سیل اور بارہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اے سی ڈسکہ انور علی کی قیاد ت میں ٹیم نے درجنوں انسپکشنز کیں اس دوران سات برانڈز کی آﺅٹ لٹس کھلی پائی گئیں جنہیں سیل کر کے بارہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اے سی پسرور قمر محمود منج کی قیادت میں انتظامیہ اور پولیس کی ٹیموں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کی۔ دریں اثناءسیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات نے ٹیم کے ہمراہ چیکنگ کی اور دھواں چھوڑنے والی 18گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جبکہ ڈی او ماحولیات ناظم ایاز کی قیادت میں ٹیم نے ڈسکہ کے علاقہ میں چیکنگ کی اور تین بھٹہ خشت مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے۔ سموگ کی وجہ سے حکومت پنجاب کی جانب سے سمارٹ لاک ڈا¶ن کا نفاذ تعلیمی اداروں جبکہ کاروباری مراکز مارکیٹیں بازار کھلے رہے گجرات ضلع میں 1400 سے زائد سرکاری سکولز 3500 کے لگ بھگ پرائیویٹ سکولز 125 کے قریب پرائیویٹ و سرکاری کالجز مکمل طور پر بند رہے۔ حکام کے مطابق لاہور میں ائرکوالٹی انڈیکس 309 ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تمام تعلیمی ادارے، سرکاری دفاترز بند، آمد و رفت محدود ہونے کی وجہ سے مارکیٹیں و دکانیں تین بجے تک کھیلیں گی۔ سپریم کورٹ کے احکامات اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے 10 اضلاع شیخوپورہ، قصور، ننکانہ، گوجرنوالہ، حافظ آباد، نارووال، سیالکوٹ، منڈی بہاﺅالدین، گجرات شامل ہیں، میں سمارٹ لاک ڈاو¿ن نافذ کیا گیا ہے۔ ماہرین طب نے شہریوں سے ماسک اور چشمہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیہ عظمیٰ کے افسروں احکامات پر عمل کروانے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔قصور میں شہریوں نے پنجاب حکومت کے سمارٹ لاک ڈاﺅن کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔ حافظ آباد میں انتظامیہ نے انسداد سموگ ایکٹ کے تحت کارروائیاں کیں اور اب تک دھواں چھوڑنے والی 1300 سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکل رکشوں کو بندکر کے 50 سے زائدگاڑیوںکے روٹ پرمٹ منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ فضائی آلودگی کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا، دوسرا نمبر نیو دہلی ہے تیسرا نمبر لاہور کا ہے۔