• news

طلبا حصول علم اور ملکی خدمت کیلئے جدید وسائل بروئے کار لائیں، عارف علوی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ عصرحاضرمیں جدید علوم وفنون کے دروازے کھل گئے ہیں جس سے ماہرین کو ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز کرنے کاحوصلہ اور وسیع مواقع میسر ہوئے ہیں، جدید ذرائع تعلیم کو جلد بروئے کار لانے سے پاکستان ایک دہائی میں دنیا کی قیادت کرنے کے قابل ہو جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں جناح کنونشن سینٹر میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 18ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدرمملکت نے اپنے خطاب میں طلبا پرعلم حاصل کرنے اور ملک کی خدمت کے لیے تمام جدید وسائل کو بروئے کار لانے پرزوردیا۔صدرمملکت نے کہاکہ آج کی دنیا مصنوعی ذہانت اور دیگر متعلقہ اختراعات کے ذریعے برپا انقلاب سے رہنمائی حاصل کر رہی ہے جس سے انسانی دانش میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی میں مدد مل رہی ہے ۔صدرمملکت نے ملک میں سکولوں باہر 28 ملین بچوں پر تشویش کا ااظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے آن لائن اور ورچوئل طرز تعلیم کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ پوری دنیا اور خاص طور پر غزہ کے موجودہ منظر نامے کا ذکر کرتے ہوئے صدرمملکت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا پرمذموم مفادات کا غلبہ ہے، دنیا دولت کی مساوی تقسیم، غریبوں کے استحصال کے خاتمے اور وسیع پیمانے پر تباہی پررورہی ہے ، پہلے ظلم و بربریت کے واقعات کئی ماہ کے وقفے کے بعد باقی انسانیت کو معلوم ہوتے تھے، دورجدید میں غزہ سے آنےوالے مناظرفوری طورپر منظر عام پر آتے ہیں مگر بنی نوع انسانیت کے دل سخت ہوگئے ہیں۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبہ ڈاکٹرنمرہ خان کو ہاورڈ یونیورسٹی، امریکا نے سرطان میں تحقیق پر ایوارڈ دیا ہے ، اس کے علاوہ یونیورسٹی کے 9 سائنسدانوں کا شمار عالمی سطح پرمرتب فہرست میں شامل ہیں ۔ صدرمملکت نے اس موقع پرپی ایچ ڈی کے طلبا میں ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔

ای پیپر-دی نیشن