غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری، مزید 2398 افراد کا انخلا
اسلام آباد (آئی این پی ) غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، مزید 2398 افراد واپس چلے گئے ۔ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور بہترین ہمسایہ ملک ہونے کا کردار ادا کیا جسکی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، پاکستان نے جس فراخدلی سے افغان باشندوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے سارے مواقع مہیا کیے اس امر کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد صرف غیر قانونی تارکین وطن کا پاکستان سے محفوظ اور باعزت انخلا یقینی بنایا گیا، افغان باشندوں کی باعزت طریقے سے افغانستان واپسی کیلئے دیگر اقدامات کے علاوہ ان کی عارضی رہائش کے لئے مختلف اضلاع میں تمام سہولیات سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ چمن اور طورخم بارڈر پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں اور پاکستان کی فراخدلی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ 17 نومبر کو مزید 2398 غیر قانونی باشندے اپنے ملک چلے گئے، واپس جانیوالوں میں 691 مرد، 558 خواتین اور 1149 بچے شامل تھے۔ اب تک افغانستان روانگی کے لیے 213 گاڑیوں میں 490 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ کل 232862 غیر قانونی طور پر رہنے والے تارکین کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔