• news

اقلیتوں کے ترقیاتی کاموں کی مد میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف، انکوائری شروع

لاہور (خبر نگار) لاہور محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ لاہور میں مینارٹی کے ترقیاتی کاموں کی مد میں 10کروڑ 20لاکھ کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ لاہور ڈویژن کے موجود ہ ایگزیکٹو انجینئر اور ایس ڈی او نے سابق ایگزیکٹو انجینئر اور سابق ایس ڈی او کے ساتھ ملکر کینسل شدہ ٹینڈر پرانی تاریخوں میں جاری کر کے مافیا کے حوالے کر دئیے اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کے ڈائریکٹر کے حکم پر انکوائری شروع ہو گئی۔ اینٹی کرپشن کو دی گئی درخواست کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سول ڈویژن لاہورکے سابق ایگزیکٹو انجینئرعنصرمحمودنے مورخہ19جنوری 2023ءکو اخبارات میں مینارٹی کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اشتہار شائع کروایا جس میں ترقیاتی کاموں کے لئے 4فروری کو ٹینڈرزجاری کرنا تھے اور 6فروری 2023ءکو ٹینڈرز جمع ہونا تھے مگرسابق ایس ڈی او سلمان نسیم نے ٹینڈرجاری نہ کئے اور سب ٹھیکیداروں کو ٹینڈرز کینسل ہونے کا کہہ کر نوٹس بورڈ پر لکھ کر لگا دیا، مذکورہ لسٹ میں 10کروڑ 20لاکھ کے 12کام تھے جس میں بہار کالونی کیلئے65لاکھ، بلال ٹاو¿ن رائیونڈ روڈ کیلئے30لاکھ، مسیحی قبرستان پکی ٹھٹھی، شیرا کوٹ، سمن آباد اور گلشن راوی این اے 126کیلئے 1کروڑ، یونین کونسل175، 176میں گلیاں بنانے کیلئے 1کروڑ 95لاکھ، یونین کونسل 179، 176، 108کیلئے 1کروڑ 20لاکھ، گلشن عرب لاہور کیلئے 35لاکھ، روشنی گیٹ لاہور کیلئے 25لاکھ،گلستان کالونی لاہور کینٹ کیلئے 50لاکھ، رائیونڈ روڈ پر چرچ کی تعمیر و مرمت کیلئے 1کروڑ 50لاکھ، دوبئی ٹاو¿ن میں چرچ کیلئے 50لاکھ، بلال ٹاو¿ن میں پی سی سی ڈرین کیلئے 1کروڑ 50لاکھ اورماڈل کالونی والٹن کے قبرستان کی دیوار کیلئے 50لاکھ شامل تھے، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایگزیکٹو انجینئر عرفان قریشی اور ایس ڈی او احمد نے ایک مافیا گروہ کے ساتھ ملکر کرپشن کا پروگرام بنایا اور 30فیصد کمیشن طے کر لی اور کاموں کیلئے ورک آرڈر پرانی تاریخوں میں جاری کرانے کا پلان بنایا، جس کیلئے ایس ڈی او احمد نے سابق ایس ڈی او سلمان نسیم کے ساتھ رابطہ کر لیا، سلمان نسیم نے ریٹائرڈ ہونے والے سابق ایگزیکٹو انجینئر عنصر محمود سے ملاقات کرکے پلان کو فائنل کیا اور دونوں سلمان نے ٹھیکیدار مافیا کے سرغنہ کو مقامی ہوٹل میں بلایا اور لوکل گورنمنٹ لاہور کے موجودہ اور سابق افسروں نے میٹنگ کی اور آپس میں کمیشن کا حصہ طے کیا اور سابق ریٹائرڈ ایگزیکٹو انجینئر عنصر محمود نے کاموں کے ورک آرڈر پرانی تاریخوں میں دستخط کر دئیے اور سابق ایس ڈی او سلمان نسیم نے فوری بل بنوا کر تمام افسرو ں کو ”حصہ“ دیکر دستخط کروا لئے، اور موجودہ ایگزیکٹو انجینئر لاہور ڈویژن عرفان قریشی نے فوری چیک جاری کر کے بغیرکام چیک کئے ادائیگیاں کر دیں، جس پر گورنمنٹ کنٹریکٹر محمد عابد نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کو درخواست دیدی جس پر ڈائریکٹر نے فوری انکوائری کا حکم دیدیا اور گروہ کیخلاف سابق انکوائریوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن