جڑانوالہ: مزاحمت پر ڈاکوﺅں کی فائرنگ‘ دولہا قتل‘ بھائی زخمی
جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ دوران ڈکیتی ڈاکوﺅں نے گھر میں داخل ہوکر مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے دولہا کو قتل‘ بھائی کو زخمی کر دیا۔ وقوعہ تھانہ ستیانہ کی حدود میں پیش آیا۔ چک نمبر 39 گ ب میں رسم حنا کی تقریب جاری تھی کہ اسی دوران مبینہ طورپر ڈاکوﺅں کا گروہ گھر میں داخل ہو گیا اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک بھائی عمیر کو قتل اور دوسرے بھائی اویس کو زخمی کر دیا۔ قتل کی واردات سے شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ مقتول عمیر طاہر کی آج شادی تھی۔ قتل کی واردات سے گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔ ستیانہ پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش کو ورثاءکے حوالے کر دیا ہے۔