• news

ناروے کی پارلیمنٹ سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد اکثریت سے منظور

ناروے (نوائے وقت رپورٹ) یورپی یونین میں شامل اہم ملک ناروے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو علیحدہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ناورے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو علیحدہ ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی۔ پارلیمنٹ سے منظور ہونے والا بل حکومتی اتحاد نے چھوٹی جماعتوں کے پر زور مطالبے پر پیش کیا جس میں فلسطین کو فوری طور پر ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے لیے تیار رہے۔ خیال رہے کہ آئس لینڈ، سویڈن، پولینڈ، چیک ریپبلک اور رومانیا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کر چکے ہیں جبکہ سپین کے وزیراعظم پیڈرو سن شیز جو حال ہی میں برسر اقتدار آئے ہیں انہوں نے پارلیمنٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے کام کریں گے۔ اس کے علاوہ ایک اور یورپی ملک بیلجیئم نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن