افغانستان ، شبرغان اور دشت الوان میں بجلی کے دو منصوبے مکمل کرنے کا معاہدہ
کابل(نوائے وقت رپورٹ)افغانستان الیکٹرسٹی کمپنی اور افغان انویسٹ پرائیویٹ کمپنی نے شبرغان،دشت الوان 500 کے وی کے بقیہ کاموں اور دشت الوان سب اسٹیشن کے توسیعی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔گزشتہ روز میڈیا سنٹر میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر، افغانستان بجلی کمپنی کے جنرل منیجر ملا محمد حنیف حمزہ، افغان انویسٹمنٹ کمپنی کے صدر شیر باز کمین زادہ نے شرکت کی۔اس موقع پر ملا برادر اخوند نے کہا کہ امارت اسلامیہ کی آمد کے بعد افغانستان نے صنعت کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور مزید بھی ملک میں صنعت کی ترقی کے لیے تمام شرائط اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ افغانستان الیکٹرسٹی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر فرید اللہ شرفمل نے کہا کہ اس معاہدے کے مطابق شبرغان – دشت الوان کے 500 کلو وولٹ کی ٹرانسمیشن لائن کا 76.3 فیصد کام مکمل ہو چکاہے۔ ٹھیکہ لینے والی کمپنی دشت الوان منصوبہ کے 500 کے وی سب اسٹیشن کے بقیہ توسیعی کاموں کو مکمل کرنے کی بھی ذمہ دار ہے۔ ترکمانستان سے دشت الوان تک 1000 میگاواٹ بجلی فراہم ہوگی۔ پاور ٹرانسمیشن فراہم کی جا رہی ہے اور اس سے افغانستان کی صنعت، تجارت اور زراعت ترقی کرے گی۔