سابق کپتان محمد یوسف پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان انڈر19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ پہلی اسائنمنٹ 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونےوالا انڈر19 ایشیاکپ اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونےوالا انڈر 19 ورلڈکپ ہوگا۔محمد یوسف نے کہا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف کے شکر گزار ہیں۔ وہ انڈر19 ایشیاکپ اور انڈر19 ورلڈکپ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہیں، دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کیلئے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔ وہ پاکستان کی سینئر ٹیم کےساتھ کام کرچکے ہیں لہذا وہ اپنا تجربہ انڈر19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گے تاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔ پی سی بی نے سابق کپتان یونس خان اور سعید اجمل کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔سعید اجمل کا پاکستان سینئر ٹیم کےساتھ بطور سپن باﺅلنگ کوچ تقرر ہوسکتا ہے۔ یونس خان جونیئر کرکٹ ٹیم اور مختلف ایج گروپس ٹیموں کی ڈویلپمنٹ کے معاملات دیکھیں گے۔ پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کو ان عہدوں کی پیشکش کر رکھی ہے۔ مشروط رضامندی ملنے کے بعد اب بال پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی کورٹ میں ہے، ان کی منظوری ملتے ہی یونس خان اور سعید اجمل کی تقرری کا باقاعدہ اعلان سامنے آئےگا۔