• news

اسرائیل کو اسلحہ بیچنے کی من گھڑت خبر: پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا میں بھارت شامل

اسلام آباد (رپورٹ:عبدالستار چودھری) فلسطین کے معاملے پر سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستان دشمن عناصر کی جانب سے جاری پروپیگنڈا مہم میں پاکستان پر اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کا گھناو¿نا الزام لگایا گیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر جھوٹی، من گھڑت کہانی کو بھارتی میڈیا نے بھی خبر بنا کر پیش کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک جہاز پر اسلحہ پاکستان سے اسرائیل لے جانے کی من گھڑت کہانی بنائی گئی، جب کہ حقیقت میں راولپنڈی جانے والی پرواز افغان مہاجرین کے برطانوی انخلا کا حصہ ہے۔ پروپیگنڈا کے برعکس پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر پرزور مذمت کے ساتھ ہر فورم پر آواز اٹھائی، آرمی چیف بھی متعدد بار فلسطین کی حمایت اور سپورٹ میں کھل کر آواز اٹھا چکے ہیں، فلسطینی سفیر سے ملاقات میں آرمی چیف نے اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی۔ آرمی چیف نے غزہ میں کشیدگی کی ذمہ داری اسرائیل کے غاصبانہ قبضے پر عائد کی تھی، انھوں نے علما سے ملاقات میں بھی غزہ میں مظالم کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا۔ تاہم پاکستان کے مو¿قف کے باوجود سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کی طرف سے گمراہ کن پروپیگنڈا جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلے پروپیگنڈے سے بچنے کے لیے شرپسند عناصر کو پہچان کر ان کی سرکوبی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق درحقیقت پاکستان کی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، من گھڑت پروپیگنڈے کا مقصد مذموم سیاسی مقاصد کا حصول اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن