سابق وزرا علی نواز اعوان آصف نکئی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی، استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
لاہور اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر علی نواز اعوان اور سابق صوبائی وزیر سردار آصف نکئی نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ دونوں رہنما¶ں نے آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین اور صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کے سابق رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا تھاکہ کچھ دن پہلے خبر آئی کہ علی نواز اعوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، علی اعوان کو نہ تو کسی عدالت میں پیش کیا گیا نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات ہیں۔ انہوں نے کہا تھاکہ جس حلقے سے علی نواز اعوان منتخب ہوئے تھے اس میں ویسے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ بھی موجود ہے، تعجب ہے کہ عین ناک کے نیچے سیاستدان غائب ہو رہے ہیں اور معزز عدلیہ خاموش ہے۔ خیال رہے کہ علی نواز اعوان 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 اسلام آباد سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ عمران خان کے دور حکومت میں ان کے معاون خصوصی بھی رہے ہیں۔