• news

لاہور میں غزہ مارچ: جب تک حکمران جہاد نہیں کرینگے، کشمیر، فلسطین آزاد نہیں ہوگا: سراج الحق

لاہور+ سرائے مغل (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غزہ میں ظلم پر نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں کی قیادت خاموش، امریکا کے خوف سے فلسطین کا نام نہیں لیتے، بلوچستان اور سندھ کو فتح کرنے کے دعوے ہو رہے ہیں، یہ حکمران اپنے عوام اور شہروں کو ہی زیر کر سکتے ہیں، ان میں جارح اور ظالم کے خلاف بولنے کی جرات نہیں، قوم عہد کرے آئندہ انتخابات میں امریکی ایجنٹوں کو پاکستان فتح نہیں کرنے دیں گے۔ استعمار جماعت اسلامی سے خائف، ہر صورت اس کا راستہ روکنا چاہتا ہے، قوم حقیقی تبدیلی، فلسطین و کشمیر کی آزادی اور ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی قائم کرنے کے لیے الیکشن میں جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے اسرائیلی سفاکیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر یہ معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عام پر اہل فلسطین کی مدد نہیں کر سکتے، تو کم از کم عوام کے لیے ہی راستہ کھول دیں، امت کا ہر فرد اور وہ خود سب سے آگے بڑھ کر بہنوں، بیٹیوں کے محافظ بنیں گے۔ او آئی سی سربراہی کانفرنس میں غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات کے اعلان سے گریز کیا گیا، ایک مردہ قسم کا اعلامیہ جاری ہوا جس کا اسرائیل اور امریکا نے کوئی اثر نہیں لیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے سامنے ہونے والے غزہ مارچ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا میں ہزاروں کی تعداد میں بچے، خواتین اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بھی شامل تھے۔ امیر جماعت فلسطین کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری کے ہمراہ پنڈال پہنچے تو یہ غزہ سے اظہار یکجہتی کے نعروں سے گونج اٹھا۔ شرکا نے فلسطینی پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مارچ سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ و سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔ دیگر مقررین اور سٹیج پر موجود اہم شرکاءمیں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید پراچہ، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، معروف سکالر جواد نقوی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، امیر حلقہ لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری صوبہ پنجاب وسطی نصراللہ گورائیہ، مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر شامل تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ 44دن سے غزہ پر بارود کی بارش ہو رہی ہے، یہ ظلم اور سفاکیت وہ ریاست کر رہی ہے جس کو سامراجی قوتوں نے 1948ءمیں قائم کیا، یہ اجتماع صہیونی ریاست اور اس کے سرپرستوں کیلئے پیغام ہے کہ غزہ میں اہل فلسطین کی نسل کشی بند کریں۔ لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ظلم جاری رہا تو پوری دنیا اس جنگ کی لپیٹ میں آ سکتی ہے۔ جاوید قصوری نے کہا کہ او آئی سی سربراہی کانفرنس اور عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بجائے صرف مذمت اور مطالبات پر اکتفا کیا گیا۔ غزہ کے مظلومین 58اسلامی ممالک کے منتظر ہیں جن کے پاس 80لاکھ فوج ہے، اقوام متحدہ امریکا اور اسرائیل کی کٹھ پتلی بن چکا ہے۔ جواد نقوی نے کہا کہ غزہ کربلا کی مثال تو نہیں لیکن حقیقتاً کربلا ہے، ایک کوفی اور دوسرا امام حسینؓ کا کردار ہے۔ اقوام متحدہ میں صہیونیوں کے سرپرست بیٹھے ہیں، جن کا کردار مجرمانہ ہے۔ حماس نے ثابت کر دیا کہ اسرائیل مکڑی کے جالے کی طرح کمزور ہے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک مسلم حکمران جہاد نہیں کریں گے فلسطین و کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔ مارچ میں مختلف سیاسی جماعتوں، پیپلز پارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی، وحدت المسلمین کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کچھ خواتین نے اپنی سونے کی بالیاں اتار کر فلسطین فنڈ میں دیدیں۔ سراج الحق نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا لاکھوں کا اجتماع اس دشمن کےلئے موت کا پیغام ہے جس نے بیت المقدس پر قبضہ کیا، قیامت برپا ہے، اسرائیلی بمباری میں فلسطینی بچوں کے ہاتھ پاو¿ں ا±ڑ گئے، وہ جب ہوش میں آتے ہیں تو اپنی ماو¿ں سے پوچھتے ہیں ہمارے ہاتھ پیر کہاں گئے، ہمارے مسلمان بھائی ہماری مدد کو کب آئیں گے؟ پاکستان کی اور ایران کی فوج کب آئے گی۔ آصف زرداری اور نواز شریف غزہ پر خاموش ہیں۔ نواز شریف، آصف زرداری کا ایجنڈا ذاتی مفاد اور خاندان ہے، ان کے ہوتے ہوئے 100 سال بھی عوام ترقی نہیں کرسکتے۔ امریکہ چاہتا ہے کسی قیمت پر جماعت اسلامی کی حکومت نہ بنے۔ سرائے مغل سے سینکڑوں افراد جماعت اسلامی کے غزہ ملین مارچ میں شریک ہوئے پلے کارڈ، بینر اور پوسٹر اٹھائے افراد ”اسرائیل مردہ باد،، ”حماس زندہ باد،، اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔ غزہ مقتل گاہ بنا ہوا ہے، عالمی برادری اور اقوام متحدہ ناکام ہو چکے ہیں۔ مسلمان ممالک قبلہ اول کی حفاظت کیلئے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور مدد کرنے کا اعلان کریں۔ شرکاءسے جماعت اسلامی کے رہنما¶ں نے خطاب کرتے یہ بات کہی۔ 

ای پیپر-دی نیشن