• news

شہبازشریف کی بریت لاڈلہ پن نہیں‘ عدلیہ اپنے داغ دھو رہی ہے: مریم اورنگزیب

لاہور (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی ذمہ دار 2018 میں آنے والی حکومت ہے۔ شریف خاندان پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عدالتی فیصلے سے شہباز شریف اور احد چیمہ ان جھوٹے مقدمات میں اللہ کے فضل سے سرخرو ہو گئے ہیں۔ عدالتیں قانونی مہریں لگا کر تصدیق کر رہی ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) پر لاڈلہ ہونے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں پیشیاں بھگت کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت عدالتی فیصلوں سے بری ہو رہی ہے تو یہ لاڈلہ پن نہیں ہے بلکہ عدلیہ خود پر لگے ناانصافی کے داغ دھو رہی ہے۔ جب پاکستان میں کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو برطانیہ کے نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے ) میں چلے گئے۔ وہاں پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو منہ کی کھانا پڑی اور برطانیہ کی این سی اے نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو کلین چٹ دے دی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ طیبہ گل کے معاملے پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا۔ نیب کو استعمال کرکے شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مروائے گئے۔ پی ٹی آئی دور میں شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے گھروں پر حملے کروائے، ان کو بلاجواز تنگ کیا گیا۔ گزشتہ حکومت میں سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا۔ کہا جا رہا تھا احد چیمہ نے فرنٹ مین رکھ لئے۔ کہا گیا 56 کمپنیوں میں کرپشن ہوئی، وہ کرپشن کہاں گئی؟۔ سعد رفیق کے کیس میں سپریم کورٹ نے خود کہا یہ جھوٹے مقدمات ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا کیس دہشتگردی کی عدالت میں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، شہباز شریف نے کئی مرتبہ واضح الفاظ میں کہا کہ اگر میرے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ جب کرپشن کی ہوتی ہے تو پھر 9 مئی جیسے واقعات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے اندر مہنگائی ہے، کس کا گلا پکڑا جائے؟ آج جوابات کس سے لئے جائیں؟۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی 190 ملین کھا گئے، توشہ خانہ کھا گئے، جواب نہیں دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے جب توشہ خانہ کا حساب مانگا جاتا ہے تو وہ احتساب سے بچنے کیلئے قومی تنصیبات پر حملے کرواتا ہے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتا ہے، ججز کو دھمکیاں دیتا ہے۔ آصف زرداری نے کہا ہے انتخابات شفاف ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروانے میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سارے تجربات ناکام ہوگئے۔ عوام نے دیکھ لیا نوازشریف کی قیادت ہی ملک اور عوام کو بحرانوںسے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طعنے دینے سے عوام کو سستی روٹی‘ بجلی‘ گیس ملے گی نہ ملک مسائل سے نکلے گا۔

ای پیپر-دی نیشن