• news

خادم رضوی کے عرس کی تقریبات شروع‘حافظ سعد سمیت دیگر کی چادرپوشی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بانی و قائد تحریک لبیک پاکستان امیر المجاہدین علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے دوسرے عرس کی تین روزہ تقریبات کا چادر پوشی اور دعا سے جامع مسجد رحمة للعالمین مین ملتان روڈ پر آغاز ہوگیا۔ امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی، صاحبزادہ انس حسین رضوی، علامہ غلام غوث بغدادی، مفتی عمیرالازھری، پیر سید سرور حسین شاہ، علامہ غلام عباس فیضی، مفتی محمد وزیر احمد رضوی اور پیر سید توقیر الحسن شاہ نے امیر المجاھدین علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے مزار پر چادر پوشی کی۔ چادر پوشی کے بعد نائب امیر تحریک لبیک پاکستان پیر سید ظہیر الحسن شاہ نے خصوصی دعا کروائی۔ عرس کی تقریب میں اندرون اور بیرون ملک سے ہزاروں کارکنان شرکت کر رہے ہیں۔ کارکنان اور عقیدت مند مزار علامہ حافظ خادم حسین رضوی پر حاضری، فاتحہ خوانی اور پھول نچھاور کرتے رہے۔ اس موقع پر زائرین ملک و قوم کی سلامتی اور حضور کا دین تخت پر لانے کی دعائیں مانگتے رہے۔ رضاکاروں کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ داخلی گیٹوں پر واک تھرو گیٹ لگا کر زائرین کو چیکنگ کے بعد پنڈال میں جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ عرس کے آج دوسرے روز اندرون و بیرون ملک سے آئے ہوئے علمائے کرام، مشائخ، سجادہ نشین، مذہبی سکالرز بھی شرکت کریں گے۔ عرس کی تقریبات 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔ آج 20 نومبر بروز پیر پہلی نشست میں تنظیمی ذمہ داران خطاب کریں گے۔ جبکہ دوسری نشست بعد از نماز عشاء شروع ہو گی جس میں علماء و مشائخ، مذہبی سکالر و دیگر خطابات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن