شکر گڑھ: امن، محبت کی راہداری نے 76 سال سے بچھڑے 2 مسیحی بھائیوں کو ملا دیا
شکرگڑھ (نامہ نگار) امن، محبت اور خلوص کی راہداری، کرتار پور راہداری نے 76 سال سے بچھڑے فیصل آباد کے بشیر مسیح اور امرتسر کے صوبھا مسیح کی دوریاں مٹا دیں۔ دونوں خاندانوں نے پاک بھارت حکومتوں سے ویزے کے حصول کی اپیل کر دی۔ دربار صاحب کرتار پور میں 1947 سے بچھڑا ایک اور خاندان ملنے میں کامیاب ہو گیا۔ تقسیم ہند کے 76 بعد فیصل آباد کے بشیر مسیح سے ملنے اس کا بھائی صوبھا مسیح امرتسر سے کرتارپور پہنچا۔ دونوں کے خاندان آپس میں ملے، تحائف اور پھولوں کے ہار پیش کئے۔ خاندان کی خاتون شہناز نے کہا کہ ہمارے دادا اور پوتے، پوتیوں، نواسوں، نواسیوں کے ملاپ پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں حکومتیں 1947ءکے بچھڑے خاندانوں کو ویزے جاری کریں تاکہ وہ ایک دوسرے سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔