• news

یورپی سربراہ کی مصری صدر سے ملاقات ، غزہ میں امدادی کارروائیوں پر تبادلہ خیال

برسلز(این این آئی)یورپی یونین کی سربراہ وان ڈیر لیین نے مصری صدر السیسی کے ساتھ ملاقات میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر کی جانے والی امدادی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری بے گھری کی مخالفت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بعد ازاں سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں یورپی کمیشن کی صدر نے کہاکہ میں نے فلسطینیوں کی جبری بے گھری کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے غزہ کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصر کے کلیدی کردار اور تعاون پر السیسی کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان غزہ میں جاری انسانی المیے پر بات کرنے علاوہ مسئلے کے دو ریاستی حل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے صدر السیسی کے ساتھ یہ ملاقات قاہرہ میں ہوئی ۔بعد ازاں وان ڈیر لیین العریش روانہ ہو گئیں تاکہ غزہ کے لیے امدادی قافلوں کو براہ راست دیکھ سکیں۔ وہ امکانی طور پر رفح کی راہداری کا معائنہ بھی کرنے جائیں گی تاکہ امدادی قافلوں کی مشکلات کا اندازہ کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن