نگران کابینہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، انیق احمد
کراچی(این این آئی)نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ نگران وفاقی کابینہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،کابینہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔وہ کراچی بزنس فورم اور تھنک ٹینک کے زیراہتمام گزشتہ رات ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے کوشاں ہے،مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دن پچھلے دنوں سے بہتر ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نگران وفاقی وزیر خزانہ، نجکاری اور دیگر وزرا ملک کی ترقی کے لیے بہتر کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ اس سال حج پیکج 11 لاکھ 75ہزار روپے سے کم کرکے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار حج پیکج کی رقم میں کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ عازمین حج کے ہوائی ٹکٹوں میں کمی کے لیے ایئر لائن کمپنیوں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم ہونے والی رقم حجاج کے اکاو¿نٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال تقریباً 90 ہزار حجاج حج پر جائیں گے اور ان سب کو انٹرنیٹ پیکج کے ساتھ سمیں مفت فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک ایپلیکیشن (ایپ) کے اجرا کے ساتھ حج کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے بعد کراچی کو امیگریشن زون قرار دیا گیا ہے اور امید ہے کہ لاہور کو بھی جلد ہی قرار دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین حجاج کو عبایا فراہم کرے گی جس کے سر کے پچھلے حصے پر پاکستانی پرچم ہوگا۔اس موقع پر تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی خطاب کیا اور وزیر پر زور دیا کہ وہ کراچی کے مسائل حل کریں، جس کے حل کے لیے وفاقی وزیر نے کابینہ میں لے جانے کا وعدہ کیا۔