پاکستان میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے امریکی اقدامات کا اعلان، بلوچستان کو 40لاکھ ڈالر امداد
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے‘ سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ نے پاکستان میں انسداد دہشتگردی فورس کی استعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ 40 لاکھ ڈالرز کے امدادی پیکج کے تحت بلوچستان پولیس کی انسداد دہشتگردی فورس کیلئے تربیتی سہولت میں توسیع کی جائے گی۔ ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق انسداد دہشتگردی فورس کی تربیتی سہولت میں توسیع کی گئی ہے۔ 40 لاکھ ڈالرز کے امدادی پیکج کے تحت بلوچستان پولیس کی انسداد دہشتگردی فورس کیلئے تربیتی سہولت میں توسیع کی جائے گی جبکہ فورس کی موجودہ صلاحیت میں 2 اضافہ سمیت زیر تربیت اضافی 800 افراد کی بیک وقت تربیت و تعلیم کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ امدادی پیکج کے تحت پولیس سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ دورانِ سیلاب تباہ شدہ 10 تھانوں کی مرمت واپ گریڈیشن کیلئے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔ مذکورہ پولیس سٹیشنز کو فراہم کردہ سہولیات میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے، جیسا کہ ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل کیلئے متبادل نظام میں تعاون شامل ہیں۔ امریکہ کے امدادی پیکج کے ذریعے علاقہ مکینوں کو مو¿ثر طریقے سے خدمات فراہم کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں، ان سہولیات میں صنفی مسائل حل کرنے کیلئے ایک ڈیسک کا قیام بھی شامل ہوگا، جہاں کمزور اور متاثرہ آبادیوں کو نجی اور مناسب ماحول فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ جرائم سے متعلق باآسانی اطلاع دے سکیں۔ امدادی پیکج سے نئے پولیس سٹیشنز کی تعمیر میں معاونت، خواتین اور لڑکیوں سمیت تمام اہل پاکستان کیلئے خدمات کو بہتر بنانے کیلئے 10 نئے پولیس سٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں اضافی 20 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے آلات کی مد میں مالی اعانت کی جائے گی۔ ریاست ہائے متحدہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو لاحق خطرات کا ادراک کرتے ہوئے آلات اور ساز و سامان کی مد میں ڈھائی لاکھ ڈالرز کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی سے بھی ملاقات کی۔ بات چیت میں امریکی امدادی پروگراموں سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا اور امریکی سفیر بلوم نے بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام حصوں کی اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔