• news

بچے کل کے معمار ہیں‘ پولیو سے پاک پاکستان بے نظیر کا مشن تھا: زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے بچے کل کے معمار ہوں گے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن تھا۔ بے نظیر بھٹو کو کچرے کے ڈھیروں سے کھانے کی تلاش میں بچوں کو دیکھ کر انتہائی تکلیف اور دکھ ہوتا تھا۔ صدر زرداری نے بینظیر بھٹو کے پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانے کے عزم کا اظہار کیا جہاں بچے خوف اور دہشت سے پاک ہوں۔ غریب اور مستحق بچوں کو صحت اور تعلیم کی کفالت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بچے قوم کا سرمایہ اور مستقبل کی واحد ضمانت ہیں۔ کمیونٹیز اور خاندانوں کو ہماری قوم کے مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عالمی یومِ اطفال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عالمی یوم اطفال”ہر بچے کیلئے ہر حق“ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچے ذہنی و جسمانی نشوونما میں کمی، غذائیت کی قلت اور معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک عدم رسائی جیسے کئی چیلنجز کا شکار ہیں۔ پاکستان نے آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2018ء، جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018ئ، زینب الرٹ ریسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ2020 ء اور بچوں کی ملازمت کے ایکٹ 1991ء میں پیشوں کی فہرست میں”چائلڈ ڈومیسٹک لیبر“ کو شامل کرنے سمیت مختلف قوانین بنائے ہیں۔ دریں اثناءصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے یونیسیف کے نامزد کردہ بچوں کے وفد کی عالمی یوم ِ اطفال کے سلسلے میں ملاقات کی۔ بچوں کا وفد چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بچوں کی نمائندگی کر رہا تھا۔ وفد کی قیادت پاکستان میں یونیسیف کی پہلی یوتھ ایڈووکیٹ 16 سالہ تقویٰ احمد نے کی۔ بچوں کے وفد نے مستقبل کیلئے اپنی امیدوں ، توقعات بارے صدر مملکت کو بتایا این این آئی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی بچوں کا قتل عام دنیا بھر کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اقوام عالم فلسطینی بچوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔ بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن