ہائیکورٹ، سموگ کے باعث جنوری کے آخر تک ہفتے کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے باعث جنوری کے آخر تک ہفتے کے روز تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو سکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت ہفتے کے دو روز ورک فرام ہوم کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔جاری کردہ حکمنامے کے مطابق نوٹیفکیشن میں جم بند کرنے کا لفظ معطل کیا جاتا ہے، یہ نوٹیفکیشن کرونا کی شق کے تحت کیا گیا اسے مزید لاگو نہیں کیا جا سکتا۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سموگ کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمہ ماحولیات محکمانہ کارروائی کرے۔پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق بڑھتی ہوئی سموگ سے بچاو¿ کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور کا اہم اقدام۔۔ایڈمنسٹریٹر و ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پرشہر کے 09 زونز میں مختلف مقامات پر سموگ ایمرجنسی کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔راوی زون میں شاہدرہ سروس روڈ، ٹیکسالی روڈ، جنرل بس سٹینڈ اور سرکلر روڈ جبکہ سمن آباد زون میں اچھرہ، شمع، مزنگ، سمن آباد موڑ، گلشن راوی، یتیم خانہ روڈ بس سٹینڈ پر قائم کئے گئے ہیں۔ نشتر زون میں مین کاہنہ بازار، گجومتہ چوک اور لاہور جنرل ہسپتال جبکہ واہگہ زون میں جی ٹی روڈ تا سکھ نہر تا مناواں کیمپس لگائے گئے ہیں۔ داتا گنج بخش زون میں عابد مارکیٹ تا گنگارام، ایوان اقبال، مزنگ اڈہ، ہائیکورٹ، اے جی آفس، حالی روڈ، بیڈن روڈ اورچوبرجی تا قرطبہ چوک کیمپس لگائے گئے ہیں۔ گلبرگ زون میں چلڈرن ہسپتال، ماڈل ٹاو¿ن کچہری، پنڈی سٹاپ، مولانا شوکت علی روڈ اور حاجی کیمپ روڈ پرکیمپ لگائے گئے ہیں۔ عزیز بھٹی زون میں دھرم پورہ تا ہربنس پورہ اور صدر تا دھرم پورہ جبکہ شالیمار زون میں چوک ناخدا تا مصری شاہ اور جی ٹی روڈ پرکیمپ لگائے گئے ہیں۔ علامہ اقبال زون میں ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ سٹی، جی ون مارکیٹ، ملتان چوہنگی تا اعوان ٹاو¿ن کیمپ لگائے گئے ہیں۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کیمپس میں شہریوں کو فری ماسکس کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں کو سموگ سے بچاو¿ کیلئے ایمرجنسی کیمپس لگائے گئے ہیں۔