ننکانہ:سابق لیگی ایم پی اے ، اور 2بھائی بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، 15لاکھ جرمانہ
ننکانہ صاحب‘ لاہور (نامہ نگار + این این آئی) لیسکو سرکل ننکانہ صاحب کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے اور اس کے دو بھائی بجلی چوری میں ملوث نکلے، پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔ مقدمات درج کرانے کے لیے درخواستیں تھانہ سید والہ کو بھجوا دیں۔ تفصیلات کے مطابق لیسکوسرکل ننکانہ صاحب کی چھاپہ مار ٹیموں نے دوران چیکنگ مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے ایم پی اے آغا علی حیدر اور اس کے دو بھائیوں آغا عباس رضا اور آغا رضا حیدر کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ یس ڈی او سید والہ کی مدعیت میں مقدمہ کے لئے درخواستیں تھانہ سید والہ میںجمع کروا دی گئیں جبکہ تینوں بھائیوں کو پندرہ لاکھ روپے ڈیٹیکشن بل بھی ڈالے گئے۔ دریں اثناءلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے اور 73روز کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد 13ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق آپریشن کے دوران کل 28107 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ مجموعی طور27755 کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 26690درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ بجلی چوروں کو اب تک 5کروڑ 4لاکھ 59ہزار 768یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2ارب 6 کروڑ 32لاکھ 49ہزار 447روپے بنتی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 286 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے283 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جبکہ 28 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں4 زرعی،8 کمرشل،1 انڈسٹریل اور 273 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے 3لاکھ 90ہزار 7یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ 26لاکھ27ہزار 684روپے بنتی ہے۔