الیکشن کمشن میں اجلاس، سیاسی جماعتوں کا انتخابی رولز میں ترامیم پر اتفاق: ضابطہ اخلاق تیار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) الیکشن کمشن میں انتخابی رولز میں ترامیم سے متعلق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بارے میں اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں ممبران‘ سیکرٹری‘ لاءونگ اور الیکشن ونگز کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں شیخ رشید‘ اعظم نذیر تارڑ‘ قمر زمان کائرہ و دیگر بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن رولز میں ترمیم سے متعلق سیاسی جماعتوں نے اپنا اپنا م¶قف پیش کیا۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے متعدد رولز میں ترمیم کی حمایت کر دی گئی۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن رولز میں بعض ترامیم پر اتفاق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے الیکشن رولز میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اب تک 105اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹا دیے ہیں۔ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی جس کے بعد عام انتخابات کے انتخابی شیڈول کا اجرا کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کی جانے والی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو جاری کی گئی تھی جس کے بعد 27 اکتوبر تک اس پر اعتراضات مانگے گئے تھے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کرلیا۔ ای سی پی ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تضحیک سے بھی اجتناب کریں گی جبکہ اجتماعات، پولنگ سٹیشن کے اطراف ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ قومی اسمبلی کے امیدوار الیکشن میں ایک کروڑ روپے تک اخراجات کر سکیں گے۔ صوبائی اسمبلی کے امیدوار 40 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کرسکیں گے۔ مخالف امیدوار کو دستبردار ہونے کیلئے لالچ یا رشوت دینا جرم تصور ہوگا۔ نظریہ پاکستان، ملکی خود مختاری اور سالمیت کے خلاف بات نہیں کی جاسکتی، سیاسی جماعتوں کو جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین کوٹہ پر عمل کرنا ہوگا۔ پولنگ کے دن تشدد کی ترغیب سے سختی سے اجتناب کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات میں تقریباً 25 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن واٹر مارک بیلٹ پیپرز چھاپے گا۔ عام انتخابات کیلئے 3 پرنٹنگ مشینوں سے بیلٹ پیپرز چھپوائے جائیں گے۔ پاکستان پوسٹل فا¶نڈیشن 40 فیصد‘ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان 35 فیصد بیلٹ پیپرز چھاپے گا۔ الیکشن کمشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے موقع پر پرنٹنگ کارپوریشنز کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔